گوئٹے مالا،3اکتوبر(ایجنسی)وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا کے دارالحکومت کے نواح میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق کئی سو افراد لاپتہ ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش اور دوسری امدادی سرگرمیوں میں ریسکیُو ورکرز، فوج اور پولیس کے ساتھ ساتھ قریبی بستیوں کے
لوگ بھی شریک ہیں۔ آفتوں سے نمٹنے کے محکمے کے افسر سرگیو کاباناز کے مطابق تقریباً تمام تیس نعشیں شناخت کر لی گئی ہیں۔ شدید بارشوں کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تقریباً چھ سو افراد لاپتہ ہیں جبکہ 125 مکانات تباہ ہو گئے ہیں یا اُنہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔ کیچڑ میں پھنسے ہوئے کئی لوگوں کی جانب سے امداد کے ٹیکسٹ پیغامات بھی وصول کیے گئے ہیں۔